فلسطینی عوام پر ظلم و بربریت ،شہباز حکومت کا اسرائیل کیخلاف پہلا ردعمل سامنے آگیا 

فلسطینی عوام پر ظلم و بربریت ،شہباز حکومت کا اسرائیل کیخلاف پہلا ردعمل سامنے آگیا 

یروشلم :پاکستان نے فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی فوج کے تشدد میں حالیہ اضافے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بے گناہ فلسطینیوں کی جانوں کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کرے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے  مطابق پاکستان نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں کے مختلف حصوں میں تازہ ترین پیش رفت پر اپنی شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی فوج کے چھاپے، 152 زخمی اور 300 سے زائد فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔رمضان کے مقدس مہینے میں نمازیوں پر حملہ تمام انسانی اقدار اور انسانی حقوق کے قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔

دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی فورسز نے حالیہ ہفتوں میں مقبوضہ مشرقی یروشلم اور دیگر علاقوں میں درجنوں فلسطینیوں کو ہلاک اور لاتعداد فلسطینیوں کو زخمی کیا ہے۔

ترجمان عالمی برادری سے کہا کہ اسرائیل پر زور دیا جائے کہ وہ بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کو برقرار رکھے۔پاکستان فلسطینی کاز کے لیے اپنی مستقل اور بلا روک ٹوک حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔ ہم فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کے حصول اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے ساتھ ساتھ دو ریاستی حل کی حمایت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا پاکستان اقوام متحدہ اور او آئی سی کی قراردادوں کے مطابق 1967 سے پہلے کی سرحدوں کو تسلیم کرتا ہے۔ پاکستان القدس شریف کو ایک قابل عمل، خود مختار فلسطینی ریاست کا دارالحکومت تسلیم کرتا ہے ۔