اسرائیل سے کشیدگی کے بعد ایرانی صدر پہلا دورہ پاکستان کا کریں گے

اسرائیل سے کشیدگی کے بعد ایرانی صدر پہلا دورہ پاکستان کا کریں گے

تہران : ایرانی صدر ابراہیم رئیسی 22 اپریل کو دو روزہ دورے پر پاکستان آئیں گے۔ ہفتے کو ایران اور اسرائیل کے درمیان کشمکش کے بعد یہ ان کا پہلا غیر ملکی دورہ ہوگا۔

 ابراہیم رئیسی پہلے غیر ملکی سربراہ مملکت  ہوں گے جو گزشتہ ماہ شہباز شریف کی حکومت سنبھالنے کے بعد پاکستان کا دورہ کریں گے۔ ایران پاکستان گیس پائپ لائن پر پیشرفت اور امریکا کی جانب سے ممکنہ پابندیوں سے بچنے کے آپشنز پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

 ایرانی سفارت خانے کے ذرائع نے بتایا کہ اسلام آباد اور تہران کی جانب سے ابھی تک دورے کے شیڈول کا باضابطہ اعلان ہونا باقی ہے لیکن صدر ابراہیم رئیسی کا دورہ اسلام آباد کا منصوبہ برقرار ہے۔ دفتر خارجہ نے بھی دورے کی تصدیق کر دی ہے۔

 صدر رئیسی اور وزیر اعظم شہباز شریف کے درمیان ہونے والی بات چیت میں حالیہ پیش رفت اور علاقائی سلامتی کی صورتحال نمایاں طور پر سامنے ہوگی۔ دونوں کے درمیان وفود کی سطح پر بات چیت ہوگی جبکہ وہ ون ٹو ون ملاقات بھی کریں گے۔ صدر آصف علی زرداری دورہ کرنے والے صدر کے اعزاز میں ضیافت دیں گے۔

 ذرائع نے بتایا کہ صدر رئیسی کے ایجنڈے میں دو طرفہ تعلقات، سیکورٹی تعاون، گیس پائپ لائن اور ممکنہ آزاد تجارتی معاہدہ (ایف ٹی اے) شامل ہیں۔ 

مصنف کے بارے میں