اسلام آباد : پاکستان کی حالیہ کامیاب سفارتکاری اور عالمی سطح پر بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ نے بھارتی میڈیا کی نیندیں اڑا دیں۔ امریکی صدر کے ممکنہ دورہ پاکستان اور ایران امریکہ مذاکرات کے لیے پاکستان کے کلیدی کردار کی خبروں نے نئی دہلی کے ایوانوں میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔
بھارتی میڈیا کی جانب سے کی جانے والی حالیہ رپورٹنگ میں شدید بوکھلاہٹ دکھائی دے رہی ہے۔ بھارتی چینلز پر اس بات کا واویلا مچایا جا رہا ہے کہ پاکستان ایک بار پھر عالمی طاقتوں کی توجہ کا مرکز بن چکا ہے۔ خاص طور پر امریکی صدر کے متوقع دورہ پاکستان کی خبر نے بھارتی تجزیہ کاروں کو دفاعی پوزیشن پر آنے پر مجبور کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایران اور امریکہ کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے دوسرے راؤنڈ کے لیے پاکستان کا انتخاب کیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے اہم ترین پیش رفت یہ ہے کہ اس بار مذاکرات میں پہلے سے کہیں زیادہ بڑے قد آور رہنماؤں کی شرکت متوقع ہے۔ بھارتی میڈیا چیخ چیخ کر دعویٰ کر رہا ہے کہ اس دورے میں امریکی صدر اور ایرانی صدر کی پاکستان میں موجودگی کے قوی امکانات ہیں، جو خطے کی سیاست میں ایک بہت بڑا یو ٹرن ثابت ہو سکتا ہے۔