لاہور : فلکیات کے شوقین افراد کے لیے ایک خوشخبری ہے کہ 20 اگست کو آسمان پر ایک ساتھ چھ سیارے نظر آئیں گے، جو سال میں ایک یا دو بار ہی دیکھنے کو ملتا ہے۔ اس سے پہلے فروری میں سات سیارے ایک ساتھ دکھائی دیے تھے، جسے "پلانیٹ پریڈ" کے نام سے جانا جاتا ہے۔
عطارد، زہرہ، مشتری، زحل، یورینس اور نیپچون اس موقع پر آسمان پر دکھائی دیں گے۔ اگرچہ مریخ بھی رات کے شروع میں نظر آئے گا، مگر سورج غروب ہونے کے بعد یہ افق کے قریب نیچے چلا جائے گا، جس کی وجہ سے وہ باقی سیاروں کے ساتھ دیکھنا مشکل ہوگا۔
عطارد، زہرہ اور مشتری کو بغیر دوربین کے بھی دیکھا جا سکتا ہے، لیکن یورینس، نیپچون اور زحل کو دیکھنے کے لیے دوربین یا ٹیلی اسکوپ کی ضرورت ہوگی۔ یہ سیارے مشرقی اور جنوبی افق پر دکھائی دیں گے اور زیادہ تر جوڑوں کی صورت میں ہوں گے، جس سے انہیں تلاش کرنا آسان ہو جائے گا۔
عطارد طلوع آفتاب سے پہلے مشرقی افق پر نظر آئے گا، زہرہ اور مشتری بھی مشرقی آسمان پر ایک دوسرے کے قریب ہوں گے، جبکہ زحل اور نیپچون جنوبی افق پر ساتھ ساتھ موجود ہوں گے۔
ماہرین فلکیات کے مطابق جب سیارے ایک قطار میں نظر آئیں تو یہ نظام شمسی کی خوبصورتی اور وسعت کو سمجھنے کا ایک نایاب موقع ہوتا ہے۔