Get Alerts

پاکستان اور جزیرہ نما ملک وفاقی ریاست مائکرونیشیا نے باضابطہ طور پر سفارتی تعلقات قائم کر لیے

 پاکستان اور جزیرہ نما ملک وفاقی ریاست مائکرونیشیا نے باضابطہ طور پر سفارتی تعلقات قائم کر لیے

نیویارک: پاکستان اور مغربی بحرالکاہل میں واقع جزیرہ نما ملک وفاقی ریاست مائکرونیشیا نے باضابطہ طور پر سفارتی تعلقات قائم کر لیے ہیں۔ یہ تعلقات پاکستان کے مستقل مندوب برائے اقوام متحدہ سفیر عاصم افتخار احمد اور مائکرونیشیا کے مستقل مندوب سفیر جیم ایس لپوے نے نیویارک میں ایک مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کر کے رسمی شکل دی۔

دستخطی تقریب پاکستان کے مشن برائے اقوام متحدہ میں منعقد ہوئی جس میں دونوں ممالک کے سفارتکاروں نے شرکت کی، جن میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب سفیر عثمان جدون بھی شامل تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ یہ تعلقات پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر قائم ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ شراکت داری انسانی وسائل، استعداد کار، اور ماحولیاتی تبدیلی کے میدان میں تعاون کے نئے مواقع فراہم کرے گی۔ دونوں ممالک اقوام متحدہ کے فورم پر عالمی امن و سلامتی کے فروغ میں بھی قریبی تعاون کریں گے۔

سفیر عاصم نے یہ بھی بتایا کہ پاکستان وہ 100 واں ملک ہے جس کے ساتھ مائکرونیشیا نے تعلقات قائم کیے ہیں۔

دوسری جانب سفیر جیم ایس لپوے نے دو طرفہ تعلقات کے آغاز پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے تعاون اور حمایت کا شکریہ ادا کیا اور یوم آزادی پر مبارکباد دی۔ انہوں نے دوستی کے رشتے کو مزید مضبوط بنانے کا عزم ظاہر کیا۔

دستخطی تقریب سے پہلے دونوں سفارتکاروں کے درمیان ملاقات بھی ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور اقوام متحدہ کے فورم پر تعاون پر بات چیت کی گئی۔

ٹیگز: