نئی دہلی: بھارت کے معروف کوئز شو ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ میں تین خواتین فوجی افسران کی وردی میں شرکت پر سوشل میڈیا اور سیاسی حلقوں میں شدید تنقید دیکھنے میں آ رہی ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ حکومت فوج کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر رہی ہے۔
شو کے حالیہ ٹیزر میں انڈین آرمی کی کرنل صوفیہ قریشی، فضائیہ کی ونگ کمانڈر ویومیکا سنگھ اور بحریہ کی کمانڈر پرینینا دیوستھالی کو میزبان امیتابھ بچن کے ہمراہ دکھایا گیا ہے۔ کرنل صوفیہ ایک موقع پر کہتی ہیں: ’’پاکستان یہ کرتا چلا آ رہا ہے سر، اسی لیے آپریشن سندور کو پلان کیا گیا۔‘‘
یہ ٹیزر 15 اگست، یومِ آزادی کے موقع پر نشر ہونے والے خصوصی پروگرام کا حصہ ہے، جو بھارت اور پاکستان کے درمیان رواں سال مئی میں پیش آنے والی کشیدگی اور ’آپریشن سندور‘ سے متعلق ہے۔
فوجی افسران کی وردی میں ٹی وی شو میں شرکت پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ بھارت میں عمومی طور پر فوجی اہلکار تفریحی پروگراموں میں وردی کے ساتھ شریک نہیں ہوتے۔ اس بار شو میں نہ صرف وردی کا استعمال کیا گیا بلکہ جنگی کارروائی کا تذکرہ بھی شامل کیا گیا، جس پر کئی صارفین نے حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔
پروفیسر اشوک سوائن نے سوشل میڈیا پر لکھا: ’’مودی بیانیہ کھونے سے اس قدر خوفزدہ ہیں کہ تین وردی پوش افسران کو ٹی وی پر بھیج کر آپریشن کی وضاحت کروا رہے ہیں۔