Get Alerts

سنگیتا کی زندگی کے سنسنی خیز پہلو، پہلی شادی اور ذاتی چیلنجز پر انکشافات

سنگیتا کی زندگی کے سنسنی خیز پہلو، پہلی شادی اور ذاتی چیلنجز پر انکشافات

لاہور: معروف ہدایت کارہ اور اداکارہ سنگیتا نے اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں پہلی بار کھل کر بات کی ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ان کی پہلی شادی جوانی میں ایک مداح اداکار سے ہوئی تھی جو صرف تین سال تک چل سکی۔

 ’نیو ٹی وی‘ کے مشہور  پروگرام "زبرست ود وصی شاہ" میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے اپنی زندگی کے کئی پہلوؤں پر دل کی بات کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ بہت تیز طبیعت کی مالک ہیں اور اکثر غصے میں آ جاتی ہیں، یہاں تک کہ کئی بار شوٹنگ کے دوران تاخیر کرنے والے اداکاروں کو بھی انہوں نے سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔

مزاحیہ انداز میں انہوں نے بتایا کہ وہ شوٹنگ سیٹ پر آنے والے تاخیر کرنے والے فنکاروں کو اپنی سخت ڈانٹ سے روک دیتی تھیں اور چاہتی تھیں کہ اگر شوٹنگ کا وقت صبح 10 بجے مقرر ہے تو اداکار 11 بجے تک ضرور پہنچ جائیں۔

شادی کے حوالے سے سنگیتا نے بتایا کہ یہ شادی محبت یا پسند کی بنیاد پر نہیں ہوئی تھی اور نہ ہی والدین کی اجازت سے ہوئی۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ شادی کا فیصلہ غصے میں کیا تھا جو غلط ثابت ہوا اور تین سال بعد طلاق ہو گئی۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت وہ اپنی والدہ سے ناراض تھیں اور یہی وجہ تھی کہ انہوں نے شوٹنگ کے دوران سوات میں اپنے مداح اداکار ہمایوں قریشی سے شادی کر لی تھی۔ جب والدہ کو یہ بات معلوم ہوئی تو وہ شدید ناراض ہو گئیں اور انہوں نے کہا کہ اب گھر واپس آنے کی ضرورت نہیں، سنگیتا نے بھی اپنے شوہر کے ساتھ رہنے کا فیصلہ کیا۔

سنگیتا کے مطابق والدہ کبھی ان سے رضامند نہیں ہوئیں اور ان کی شادی تین سال کے اندر ہی ختم ہو گئی۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں ہمایوں قریشی سے ایک بیٹی ہے۔

اداکارہ نے خواتین کو نصیحت کی کہ شادی ہمیشہ والدین کی رضا مندی سے کریں کیونکہ اس سے زندگی بھر ان کا ساتھ ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی پسند سے یا غصے میں کی گئی شادیوں میں ناکامی کی صورت میں والدین بھی ساتھ نہیں دیتے۔

سنگیتا کی دوسری شادی بھی ہوئی جس سے انہیں دو بیٹیاں ہیں، لیکن وہ شادی بھی طلاق پر ختم ہوئی۔

ٹیگز: