اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے اگست کے لیے مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، قیمتوں میں اوسطاً 1.46 فیصد تک اضافہ کیا گیا ہے۔
اوگرا کے مطابق سوئی سدرن گیس کمپنی کے سسٹم پر ایل این جی کی قیمت میں 0.15 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 10.73 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی ہے۔
اسی طرح سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز کے صارفین کے لیے ایل این جی کی قیمت 0.14 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو بڑھا دی گئی ہے، جس کے بعد قیمت 11.73 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو ہو گئی ہے۔
حکام کے مطابق عالمی مارکیٹ میں ایل این جی کی قیمتوں میں اضافے کے باعث مقامی سطح پر بھی نرخ بڑھانا ناگزیر ہو گیا تھا۔
واضح رہے کہ گیس کی قیمتوں میں حالیہ اضافے سے گھریلو اور صنعتی صارفین پر مالی دباؤ مزید بڑھنے کا امکان ہے، جبکہ مہنگائی کی مجموعی شرح پر بھی اس کا اثر پڑ سکتا ہے۔