کراچی : نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے صارفین کو واٹس ایپ ہیک ہونے کی صورت میں فوری اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
این سی سی آئی اے حکام کے مطابق، اگر آپ کا واٹس ایپ ہیک ہو جائے اور آپ کو اپنے اکاؤنٹ تک رسائی نہ ملے، یا اگر آپ کو شک ہو کہ کوئی اور آپ کا اکاؤنٹ استعمال کر رہا ہے، تو فوراً واٹس ایپ کو دوبارہ رجسٹر کریں۔ اس کے لیے، واٹس ایپ کو ان انسٹال کر کے دوبارہ انسٹال کریں، پھر اپنا فون نمبر درج کریں۔ آپ کو ایس ایم ایس کے ذریعے 6 ہندسوں کا کوڈ موصول ہوگا، جسے فوراً درج کریں۔
حکام کے مطابق، اس کوڈ کا فائدہ یہ ہوگا کہ جیسے ہی آپ اسے درج کریں گے، ہیکر کا واٹس ایپ فوراً لاگ آؤٹ ہو جائے گا، کیونکہ واٹس ایپ ایک وقت میں صرف ایک ڈیوائس پر فعال رہ سکتا ہے۔
اگر ہیکر نے "Two-Step Verification" آن کر رکھی ہو اور آپ کو PIN کا علم نہ ہو، تو واٹس ایپ آپ سے 7 دن تک انتظار کرنے کو کہہ سکتا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس 7 دن کے دوران پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، کیونکہ جب تک آپ نے ایس ایم ایس کوڈ درج کیا ہے، ہیکر کا اکاؤنٹ لاگ آؤٹ ہو چکا ہے، اور اس دوران کوئی بھی آپ کا اکاؤنٹ استعمال نہیں کر سکتا یا پیغامات نہیں پڑھ سکتا۔
اگر آپ نے پہلے اپنا ای میل ایڈریس لنک کیا تھا، تو "Forgot PIN" پر کلک کرکے اپنا PIN فوراً ری سیٹ کریں اور انتظار کیے بغیر اس عمل کو مکمل کریں۔