واشنگٹن: امریکی حکام نے نئے سال کے موقع پر ممکنہ دہشتگرد حملے کی بڑی سازش ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ امریکی اٹارنی جنرل کے مطابق لاس اینجلس اور اورنج کاؤنٹی میں بم دھماکوں کی منصوبہ بندی کی جا رہی تھی، جسے بروقت کارروائی کے ذریعے ناکام بنا دیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ دہشتگرد عناصر امیگریشن ایجنٹس، گاڑیوں اور مختلف مقامات کو نشانہ بنانے کا ارادہ رکھتے تھے۔ تحقیقات کے مطابق یہ منصوبہ ایک انتہائی بائیں بازو کی حکومتی مخالف تنظیم کی جانب سے تیار کیا جا رہا تھا۔
دوسری جانب امریکا میں تشدد کے ایک اور واقعے نے تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔ عالمی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست رہوڈ آئی لینڈ کے شہر پروویڈنس میں واقع براؤن یونیورسٹی میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک جبکہ نو شدید زخمی ہو گئے۔
پروویڈنس کے میئر نے تصدیق کی ہے کہ فائرنگ میں متعدد افراد کو گولیاں لگیں، زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ واقعے کے بعد یونیورسٹی کو بند کر دیا گیا جبکہ طلبہ کو محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
تاحال فائرنگ میں ملوث حملہ آور کو گرفتار نہیں کیا جا سکا، جبکہ سکیورٹی ادارے واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔