پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 12 روپے کا اضافہ،پٹرول کی نئی قیمت 159.86 روپے مقرر 

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 12 روپے کا اضافہ،پٹرول کی نئی قیمت 159.86 روپے مقرر 

اسلام آباد:پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک دفعہ پھر حیران کن اضافہ کر دیا گیا ،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 159 روپے 86 پیسے فی لیٹر ہوگئی ۔

وزارت خزانہ کی طرف سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق پیٹرول 12 روپے 3 پیسے ،ہائی اسپیڈ ڈیزل 9 روپے 53 پیسے فی لیٹر مہنگا کردیا گیا۔

ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 154 روپے 15 پیسے فی لٹر ہوگئی ،مٹی کے تیل کی قیمت میں 10 روپے 8 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا جس کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 126 روپے 56 پیسے فی لیٹر مقرر ہو گئی ۔

لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 9 روپے 43 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا جس کے بعد لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 123 روپے 97 پیسے فی لیٹر ہو گئی ۔


واضح رہے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا تھا کہ موجودہ حالات میں پٹرول مہنگا کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے ،کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں فواد چوہدری نے کہا کہ یوکرین تنازع کے بعد عالمی سطح پر پٹرول کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں پٹرول کی قیمت بڑھانے کے سوا کوئی چارہ نہیں، ہم پاکستان میں کتنی دیر قیمتوں کو بڑھنے سے روک سکتے ہیں، قیمتیں تو بڑھیں گی اس میں کوئی شبہ نہیں۔

دوسری جانب وزارت خزانہ کا کہنا ہے  پٹرولیم مصنوعات پر پی ڈی ایل اور دوسرے ٹیکس کم کرنے سے حکومت کو ماہانہ 70 ارب روپے نقصان ہورہا ہے۔