Get Alerts

سینیٹ کا اجلاس آج سہ پہر 4 بجے ہوگا، ایجنڈا جاری

سینیٹ کا اجلاس آج سہ پہر 4 بجے ہوگا، ایجنڈا جاری

اسلام آباد: سینیٹ کا اجلاس آج سہ پہر 4 بجے ہوگا جس کا ایجنڈا بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ اجلاس میں 12 نکات پر بحث کی جائے گی، جن میں اہم بلز اور مختلف رپورٹس پیش کی جائیں گی۔

ایجنڈے کے مطابق، چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے داخلہ و انسداد منشیات سینیٹر فیصل سلیم رحمان، حوالگی ترمیمی بل 2025 اور شہریت ترمیمی بل پر قائمہ کمیٹی کی رپورٹ پیش کریں گے۔ اسی طرح، کیپیٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (ترمیمی) آرڈیننس 2025 بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔

سینیٹ اجلاس میں پاکستان پینل کوڈ 1860 اور فوجداری ضابطہ کار 1898 میں مزید ترمیم کے حوالے سے فوجداری قوانین (ترمیمی) بل پر قائمہ کمیٹی کی رپورٹ بھی پیش کی جائے گی۔

اسلام آباد میں پانی کی قلت کے مسئلے پر بھی ایک رپورٹ ایجنڈے کا حصہ ہے، جس میں شہر میں پانی کی کمی کی صورتحال پر روشنی ڈالی جائے گی۔ سینیٹر بشریٰ انجم بٹ فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ترمیمی بل 2025 پر قائمہ کمیٹی کی رپورٹ بھی پیش کریں گی۔

اس کے علاوہ اجلاس میں صدر مملکت آصف علی زرداری  کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب پر بھی بحث کی جائے گی۔ تاہم ، سینیٹر عبدالشکور خان بلوچستان میں پولیو کیسز میں تشویشناک اضافے پر اور سینیٹر محسن عزیز فیکٹریوں کی بندش سے پیدا ہونے والی بے روزگاری پر توجہ دلاؤ نوٹس پیش کریں گے۔

ٹیگز: