Get Alerts

پاکستان ریلوے کا مسافروں کی سہولت کےلیے جدید ترین بزنس ٹرین متعارف کروانے کا اعلان

پاکستان ریلوے کا مسافروں کی سہولت کےلیے جدید ترین بزنس ٹرین متعارف کروانے کا اعلان

لاہور: پاکستان ریلویز نے مسافروں کی سہولت اور سفر کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے لیس بزنس ٹرین متعارف کروانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس جدید ٹرین کا باقاعدہ افتتاح وزیر اعظم شہباز شریف 19 جولائی کو لاہور ریلوے سٹیشن پر کریں گے۔

ریلوے حکام کے مطابق کراچی اور لاہور کے درمیان پہلے سے چلنے والی پاک بزنس ٹرین کو مکمل طور پر اپ گریڈ کیا گیا ہے۔ نئی بزنس ٹرین میں 28 جدید چائنیز ڈیجیٹل کوچز شامل کی گئی ہیں، جن میں مسافروں کے آرام اور سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے بین الاقوامی معیار کی ڈائننگ کار، مفت وائی فائی اور جدید سہولیات مہیا کی گئی ہیں۔

حکام کے مطابق اس اپ گریڈیشن کا مقصد ریل کے سفر کو زیادہ آرام دہ اور جدید بنانا ہے تاکہ مسافر ہوائی سفر کے متبادل کے طور پر ریل کو ترجیح دیں۔

تاہم کرایوں میں اضافے سے متعلق سوال پر ریلوے انتظامیہ نے تاحال کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا۔

دوسری جانب پاکستان ریلویز اپنے انفراسٹرکچر اور نظام کو بھی جدید بنانے کے لیے متعدد اقدامات کر رہا ہے۔ آن لائن ٹکٹ بکنگ اور لائیو ٹرین ٹریکنگ ایپ کو مزید بہتر کیا جا رہا ہے، جبکہ لاہور ریلوے سٹیشن پر مسافروں کی سہولت کے لیے ایسکلیٹرز (برقی سیڑھیاں) بھی نصب کی جا چکی ہیں۔

وزیر ریلوے نے 40 بڑے ریلوے اسٹیشنز پر مفت وائی فائی کی سہولت فراہم کرنے کے پائلٹ پراجیکٹ کا بھی اعلان کر رکھا ہے، جس کا مقصد ریل کا نظام جدید دنیا کے تقاضوں کے مطابق ہم آہنگ کرنا ہے۔

ٹیگز: