اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی کال پر تحریک شروع ہو چکی ہے اور اس کا عروج 5 اگست کو متوقع ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ گنڈا پور نے صرف روٹین بات کی تھی جس کا مطلب تھا کہ 90 دن کے اندر کچھ نہ کچھ سیاسی صورتحال تبدیل ہو سکتی ہے۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ علی امین گنڈا پور خان کے کھلاڑی ہیں اور پارٹی کے اندر کسی قسم کے اختلافات نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ایک بڑی جماعت ہے جہاں مختلف آراء ہوتی ہیں لیکن سب باتیں اندرونی طور پر حل ہو رہی ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے حکومت کے ردعمل کو سیاسی بیان بازی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کوئی ایسی قوت نہیں جو حملہ آور ہو اور ملک میں افراتفری پیدا کرے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے فیصلے خود کرتی ہے اور کسی سے ڈکٹیشن قبول نہیں کرتی۔