اسلام آباد:صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعظم شہباز شریف نے ایوانِ صدر میں اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی سیاسی، معاشی اور سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
اس موقع پر وفاقی وزرا خواجہ محمد آصف، احسن اقبال، اعظم نذیر تارڑ، محسن نقوی اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ بھی موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، دہشت گردی کے خلاف حکومتی اقدامات اور معیشت کی بہتری سے متعلق حکومتی پالیسیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے صدر مملکت کو اقتصادی اصلاحات اور سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تمام اداروں اور سیاسی قوتوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ ملاقات کے اختتام پر ملکی استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔