لاہور : معروف اداکار شہزاد نواز نے اپنی شاندار فٹنس اور صحت کا راز بتاتے ہوئے کہا ہے کہ اچھی زندگی اور صاف نیت انسان کے چہرے اور شخصیت پر نمایاں ہوتی ہے۔
ایک پروگرام میں گفتگو کے دوران جب حاضرین میں سے ایک شخص نے ان سے ان کی فٹنس اور ڈائٹ پلان کے بارے میں سوال کیا تو شہزاد نواز نے کہا کہ اس کا جواب کسی خاص غذا میں نہیں بلکہ انسان کی سوچ اور کردار میں چھپا ہے۔
انہوں نے کہا، "اگر آپ کے دل میں سکون ہو، نیت صاف ہو اور آپ کسی کے ساتھ ناانصافی نہ کریں تو اس کا اثر آپ کے چہرے پر بھی نظر آتا ہے۔ لیکن اگر آپ دوسروں کا حق ماریں، بے ایمانی کریں یا کسی کا مال ناجائز طریقے سے کھائیں تو وہ بھی چہرے سے جھلکتا ہے۔"
شہزاد نواز کے مطابق عاجزی، دیانت داری اور مثبت طرزِ زندگی نہ صرف ذہنی سکون دیتی ہے بلکہ انسان کو تندرست اور پُرکشش بھی بناتی ہے۔
اداکار کا یہ بیان سوشل میڈیا پر بھی توجہ حاصل کر رہا ہے، جہاں کئی صارفین نے ان کے خیالات کو متاثر کن قرار دیا۔