ویکسی نیشن اور ایس او پیز پر عملدرآمد سے کورونا پر قابو پایا جا سکتا ہے، وزیراعظم  

Corona can be controlled by vaccination and implementation of SOPs, says PM
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بروقت ویکسین لگوانے اور ایس او پیز پر عملدرآمد سے کورونا وائرس کی وبا پر قابو پایا جا سکتا ہے، عوام کا رضا کارانہ طور پر ویکسین لگوانا خوش آئند ہے جس کی نظیر ترقی یافتہ ممالک میں بھی کم ہی ملتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان جیسی صورتحال سے بچنے کیلئے اداروں اور عوام کو مل کر کورونا وائرس کی وبا سے بچائو کیلئے اقدامات کو یقینی بنانا ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار وزیراعظم نے ملک بھر میں جاری کورونا ویکسی نیشن مہم کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر، وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر، وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی، وزیراعظم کے معاونینِ خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان، محمد شہزاد ارباب اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت۔ اجلاس کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی طرف سے ویکسی نیشن مہم کے موجودہ اعشاریوں اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ اس وقت تک ایک کروڑ سے زائد لوگوں کو ویکسین لگائی جا چکی ہے جو کہ محدود وقت میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔ اس کے علاوہ سرکاری، نیم سرکاری و نجی ادارے اپنے 100 فیصد ملازمین کو ویکسین کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں۔ اس کے لئے نہ صرف موجودہ ویکسین سینٹرز کی استعداد بڑھائی جارہی ہے بلکہ موبائل ویکسی نیشن ٹیمیوں کی تشکیل بھی آخری مراحل میں ہے۔

مزید بتایا گیا کہ وزارتِ تعلیم کے تحت سرکاری اور غیر سرکاری اداروں کے پچاس فی صد سے زیادہ ملازمین کی ویکسی نیشن مکمل کر لی گئی ہے۔ ویکسی نیشن مہم کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے نجی شعبے کے ساتھ مل کر آگاہی مہم کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے جس کے مثبت اثرات عوام کے بڑی تعداد میں رضا کارانہ طور پر ویکسی نیشن کرانے کی صورت میں حاصل ہو رہے ہیں۔ اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ ویکسی نیشن سینٹرز کی تعداد کو دوگنا کر نے کے ساتھ ساتھ موبائل ٹیموں کی تعداد 48 سے بڑھا کر 600 کر دی گئی ہے۔

اس کے علاوہ بڑی تعداد میں سرکاری اور نجی ہسپتالوں کو ویکسی نیشن سینٹرز کی فہرست میں شامل کر دیا گیا ہے۔ مزید گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں سیاحت کی اہمیت کو مدِ نظر رکھتے ہوئے خصوصی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں جس میں داخلے پر ویکسی نیشن سرٹیفیکیٹ کی شرط، گنجان آباد علاقے میں موجود آبادی کی ترجیحی بنیادوں پر ویکسی نیشن کی تکمیل وغیرہ شامل ہیں۔

وزیرِ اعظم نے اس موقع پر ویکسی نیشن کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ بروقت ویکسی نیشن اور ایس او پیز پر عملدرآمد سے ہی اس وبا پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ پاکستان کی عوام کا رضا کارانہ طور پر ویکسین لگوانا ایک خوش آئند قدم ہے جس کی نظیر ترقی یافتہ ممالک میں بھی کم ہی ملتی ہے۔ ہندوستان جیسی افسوسناک صورتحال سے بچنے کیلئے اداروں اور عوام کو مل کر اس سے بچا کے اقدامات کا نفاذ یقینی بنانا ہے۔