اسلام آباد: قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے امریکہ میں تعینات رہنے والے سابق سفیر حسین حقانی کے بیان پر پارلیمانی کمشن بنانے کا مطالبہ کر دیا۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ حسین حقانی کورٹ سے اجازت لے کر گئے اور واپس نہیں آئے۔
اس موقع پر قومی اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ قومی اسمبلی اجلاس میں کہنا تھا کہ جوائنٹ پارلیمنٹری کمیشن بننا چاہیے اسامہ بن لادن اور ہر چیز کی تحقیقات ہونی چاہیے لیکن وزیر اعظم کو بھی ایوان میں آنا چاہئے ہم چاہتے ہیں کہ حسین حقانی پر کمیشن بنے تاکہ پتہ چلے کہ دہشت گرد کون لایا تھا۔
واضح رہے گزشتہ دنوں امریکہ میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی نے کہا تھا سی آئی اے اہلکاروں کو ویزے جاری کرنے میں حکومت کی مرضی شامل تھی۔ بحثیت سفیر پاکستانی حکومت کی پالیسیوں پر عمل کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا واشنگٹن پوسٹ میں میرا آرٹیکل ٹرمپ انتظامیہ سے میری خصوصی ملاقاتوں کے حوالے سے تھا۔ اس میں پاکستان کے خلاف کوئی بات نہیں لکھی۔
حسین حقانی نے کہا پاکستان کو امریکہ سے تعلقات بہتر کرنے کیلئے اپنی پالیسیاں تبدیل کرنا ہوں گی۔ پیپلز پارٹی نے تعلق ختم کر کے مجھے بھاری بوجھ سے آزاد کر دیا ہے۔ مجھے غدار کہنے سے کسی کے جذبات ٹھنڈے ہوتے ہیں تو مجھے کوئی اعتراض نہیں۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں-