Get Alerts

سرفراز نواز نے شہریار خان کو قانونی نوٹس بھجوا دیا

سرفراز نواز نے شہریار خان کو قانونی نوٹس بھجوا دیا

لاہور: سابق پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر سرفراز نواز نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان کو قانونی نوٹس بھجوا دیا جس میں کہا گیا ہے کہ بورڈ ان کے خلاف جاری کی گئی حالیہ پریس ریلیز کو واپس لے۔ سابق فاسٹ باؤلر نے کہا کہ کرکٹ کے ڈھانچے میں بہتری لانے کے بجائے پی سی بی نے میری آواز کو دبانے کے لیے پریس ریلیز جاری کر دی۔ انہوں نے کہا کہ وہ کرکٹ کی بہتری کے لیے آواز بلند کرتے رہتے ہیں۔

ریورس سوئنگ کے موجد سرفراز نواز کا کہنا تھا کہ پہلے پی سی بی نے میری پینشن روکی اور اس کے بعد میری آواز کو دبانے کی بھی کوششیں کی گئیں جو مضحکہ خیز ہے۔ پی سی بی سٹہ مافیا کو بچانے کے لیے مجھے دبانا چاہتی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ رواں برس کے آغاز میں عدالت نے اپنے فیصلے میں انھیں صرف ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن نجم سیٹھی کے خلاف الزامات عائد کرنے سے روکا تھا۔ پی سی بی کے خلاف نہیں۔

سرفراز نواز کا کہنا تھا میں نے بشمول نجم سیٹھی کسی پر بھی جھوٹے الزامات نہیں لگائے۔ میں سچائی پر یقین رکھتا ہوں اور ہمیشہ سچ بولتا رہوں گا۔ پی سی بی کے ترجمان امجد بھٹی نے سرفراز نواز کی پینشن کی بندش اور قانونی نوٹس کے حوالے سے تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں