Get Alerts

چوہدری شجاعت کی حکومت اور اپوزیشن سے جلسےمنسوخ کرنے کی اپیل

چوہدری شجاعت کی حکومت اور اپوزیشن سے جلسےمنسوخ کرنے کی اپیل

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے حکومت اور اپوزیشن سے جلسوں کی کال واپس لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی حالات محاذ آرائی کے متحمل نہیں ہو سکتے۔
تفصیلات کے مطابق چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن ملکی مفاد میں جلسوں کا اعلان منسوخ کریں کیونکہ غربت اور مہنگائی سے متاثر عوام جلسوں کی سیاست سے پریشان ہیں اور ملکی حالات محاذ آرائی کے متحمل نہیں ہو سکتے جبکہ سیاسی افراتفری اور بحران کا فائدہ دشمن عناصر کو ہو سکتا ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے 23 مارچ کی کال دے رکھی ہے جبکہ حکومت نے 27 مارچ کو ڈی چوک میں جلسے کا اعلان کر رکھا ہے۔ اپوزیشن تو جلسوں کی سیاست کرتی ہے، مگر حکومت کا یہ کام نہیں، اس لئے ان سے اپیل ہے کہ وہ یہ کال واپس لیں اور دونوں فریقین کارکنوں کو اشتعال انگیز سیاست کا راستہ مت دکھائیں بلکہ ہار اور جیت کو انا کا مسئلہ بنائے بغیر عدم اعتماد پر ووٹنگ میں حصہ لیں۔ 
واضح رہے کہ مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت کی سربراہی میں پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بھی آج طلب کیا گیا ہے جو ساڑھے تین بجے ہوگا اور اس میں عدم اعتماد سے متعلق مشاورت کی جائے گی۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پرویز الٰہی، مونس الٰہی، طارق بشیر چیمہ، کامل آغاز، فرخ خان، حسین الٰہی اور چوہدری سالک شرکت کریں گے جس دوران متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان سے ہونے والی ملاقات پر گفتگو ہو گی۔ 
ذرائع کے مطابق اجلاس میں تحریک عدم اعتماد پرحکومت یا اپوزیشن کی حمایت سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا، (ق) لیگ کے اکثریتی اراکین نے اپوزیشن کا ساتھ دینے کی تجویز دی ہے تاہم حتمی فیصلہ پرویز الٰہی اور چوہدری شجاعت کریں گے۔

ٹیگز: