سابق صدر آصف زرداری نے حکومت کیخلاف تحریک کا اعلان کر دیا

سابق صدر آصف زرداری نے حکومت کیخلاف تحریک کا اعلان کر دیا
کیپشن: Image Source: File Photo

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے کہا ہے کہ عید کے بعد تحریک انصاف کی حکومت  کیخلاف تحریک چلائیں گے، پارلیمنٹ میں اب بھی بھرپور اپوزیشن کر رہے ہیں لیکن عید کے بعد حکومت کیخلاف سٹرکوں پر ہوں گے۔ 

تفصیلات کے مطابق ، اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں سابق صدر آصف زرداری نے کہا کہ نیب اور معیشت ایک ساتھ نہیں چل سکتی، ٹیکس ایمنسٹی اسکیم پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ موجودہ ایمنسٹی اسکیم اور ماضی کی ایمنسٹی اسکیم میں کوئی فرق نہیں جس کے پاس تھوڑے بہت پیسے ہیں وہ بلیک منی کو وائٹ کرلے گا جب کہ لوگوں کو پہلے امیر بناؤ اور پھر ان سے ٹیکس لینا چاہیے۔ 

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو  زرداری شہید بی بی کا بیٹا ہے اس کو  انگاروں پر چلناآتا ہے، ایک صحافی نے سوال کیا کہ اگر جیلوں سے نہیں ڈرتے تو پھر ضمانتیں کیوں کرواتے ہیں؟ جس کے جواب میں سابق صدر نے کہا کہ ضمانت میرا آئینی حق ہے جب  جیل جاؤں گا آپ کو بھی ساتھ لے کر جاؤں گا۔