کالا شاہ کاکو : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ نفرت کی سیاست نے ملک کو کچھ نہیں دیا، ملک کی ترقی کے لیے ذاتی انا کی قربانی دینا ہوگی۔ وہ کالا شاہ کاکو میں گندم انیشیٹو پروگرام کے تحت منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہی تھیں، جہاں کسانوں میں گرین ٹریکٹرز تقسیم کیے گئے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پوری قوم کو پاکستان کی فتح مبارک ہو، قوم نے متحد ہو کر ملکی سلامتی کے لیے کردار ادا کیا۔ انہوں نے افواجِ پاکستان کی حمایت کو قومی یکجہتی کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا، "پاک افواج زندہ باد تو پاکستان زندہ باد ہے"۔
مریم نواز نے کہا کہ بھارت کو افواجِ پاکستان نے نظریاتی اور عسکری سطح پر شکست دی، اور یہ جنگ صرف سرحدوں پر نہیں، جذبوں اور نظریات کی جنگ تھی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا امن ہماری "ریڈ لائن" ہے، اور تمام سیاسی قیادت کو اس بات پر متفق ہونا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی معیشت میں استحکام دیکھنے میں آیا ہے، مہنگائی میں کمی کے باعث عوام کو ریلیف ملا ہے، بجلی کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے، اور سٹاک مارکیٹ میں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے عالمی میڈیا کے حوالے سے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو "معجزہ" قرار دیا جا رہا ہے۔
تقریب میں وزیراعلیٰ نے زرعی شعبے کی بہتری کے لیے متعدد اقدامات کا اعلان بھی کیا، جن میں کسان کارڈ کے اجرا، فی ایکڑ 5 ہزار روپے مالی امداد، اور 9500 گرین ٹریکٹرز کی شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے فراہمی شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دوسرے مرحلے میں مزید 25 ہزار ٹریکٹرز سبسڈی پر دیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ نے کسانوں کے لیے 10 کلو واٹ سولر سسٹمز پر 95 فیصد اور 15 کلو واٹ پر 90 فیصد سبسڈی دینے کا اعلان بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کھاد، بیج، اور سپرسیڈر پر بھی سبسڈی دی جا رہی ہے، جبکہ زرعی مالز تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔ اختتام پر مریم نواز شریف نے وزیراعظم اور آرمی چیف کو عظیم کامیابی پر خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ سیاسی و عسکری قیادت نے ایک ہو کر ملک کا دفاع کیا۔