راولپنڈی:ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ اگر بھارت نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی تو پاکستان کی طرف سے جواب فوری، یقینی اور بےرحمانہ ہوگا۔
انہوں نے برطانوی نشریاتی ادارے سکائی نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں واضح کیا کہ پاکستان کسی بھی قسم کی مہم جوئی یا جارحیت کو ہرگز برداشت نہیں کرے گا، اور اپنی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کا ہر قیمت پر دفاع کرے گا۔لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے خبردار کیا کہ پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی صلاحیت کے حامل ممالک ہیں، اور کسی بھی قسم کی کشیدگی پورے خطے کے لیے تباہ کن نتائج کا سبب بن سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت اگر یہ سمجھتا ہے کہ وہ جنگ کے ذریعے اپنے مقاصد حاصل کر سکتا ہے تو یہ اس کی سنگین غلط فہمی ہے۔ترجمان پاک فوج کے مطابق پاکستان نے بھارت کے جارحانہ اقدامات کے جواب میں آپریشن "بنیان مرصوص" کا آغاز کیا، جس کے دوران 26 سے زائد بھارتی عسکری اہداف کو مؤثر طور پر نشانہ بنایا گیا۔ ان اہداف میں فضائی اڈے، اسلحہ ڈپو، اور مواصلاتی مراکز شامل تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی طرف سے کیے گئے فضائی حملوں کے نتیجے میں 40 پاکستانی شہری شہید اور 121 زخمی ہوئے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے یہ بھی کہا کہ پاکستان نے جنگ بندی کی کوئی درخواست نہیں کی، بلکہ یہ پیشکش بھارت کی طرف سے کی گئی تھی، جب اسے پاکستانی جوابی کارروائی کی شدت کا احساس ہوا۔
مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حل ہونا چاہئے ۔
مسئلہ کشمیر پر بات کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت اس مسئلے کو اندرونی معاملہ قرار دے کر کشمیریوں پر ظلم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مؤقف واضح ہے کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ہونا چاہیے۔
ترجمان پاک فوج نے عالمی برادری، بالخصوص امریکا، پر زور دیا کہ وہ بھارتی عزائم کو روکنے میں اپنا کردار ادا کرے، کیونکہ موجودہ حالات خطے میں امن و استحکام کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔