زاپوپان (میکسیکو): سوشل میڈیا انفلوئنسر اور بیوٹی کانٹینٹ کریئیٹر 23 سالہ ولیریا مارکیز کو اُس وقت فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا گیا جب وہ اپنے بیوٹی سیلون سے ٹک ٹاک پر لائیو اسٹریمنگ کر رہی تھیں۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ ریاست جالِسکو کے شہر زاپوپان میں پیش آیا، جہاں ولیریا مارکیز اپنے سیلون میں بیٹھ کر مداحوں سے براہِ راست گفتگو کر رہی تھیں۔ دورانِ لائیو، ایک موٹر سائیکل سوار سیلون میں داخل ہوا، خاتون کی شناخت کی اور مختصر بات چیت کے بعد اسے گولی مار کر موقع پر ہی ہلاک کر دیا۔
عینی شاہدین اور لائیو ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حملہ آور نے "ہیلو، کیا آپ ولیریا ہیں؟" پوچھا، جس پر انہوں نے "ہاں" کہا۔ اسی لمحے انہوں نے مائیکروفون بند کیا، اور چند سیکنڈ بعد فائرنگ کی آواز سنی گئی۔ ویڈیو میں ولیریا کو کرسی سے گرتے ہوئے اور خون میں لت پت دیکھا جا سکتا ہے۔
ولیریا مارکیز کے ٹک ٹاک اور انسٹاگرام پر تقریباً دو لاکھ سے زائد فالوورز تھے۔ یہ ویڈیو بعد ازاں سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، جس نے صارفین میں غم و غصے اور خوف کی لہر دوڑا دی۔
تاحال حملہ آور کی شناخت اور گرفتاری کے حوالے سے مقامی حکام نے کوئی تفصیل جاری نہیں کی، تاہم واقعے کی تفتیش جاری ہے۔