Get Alerts

منشیات فروش انمول پنکی کا پرانا کرائم ریکارڈ بے نقاب: مقدمات کی تعداد 4 ہوگئی، کراچی سے کوکین سپلائی کا انکشاف

منشیات فروش انمول پنکی کا پرانا کرائم ریکارڈ بے نقاب: مقدمات کی تعداد 4 ہوگئی، کراچی سے کوکین سپلائی کا انکشاف

لاہور : بدنام زمانہ منشیات فروش انمول عرف پنکی کے خلاف قانون کا گھیرا مزید تنگ ہو گیا ہے۔ پولیس تحقیقات کے دوران ملزمہ کے خلاف ایک اور پرانے مقدمے کا ریکارڈ سامنے آیا ہے، جس کے بعد اس کے خلاف درج مقدمات کی مجموعی تعداد بڑھ کر 4 ہو گئی ہے۔ نئے انکشافات کے مطابق ملزمہ کا نیٹ ورک کراچی سے لاہور تک کوکین جیسی مہنگی منشیات سپلائی کرنے میں ملوث رہا ہے۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق یہ معاملہ سن 2004 کا ہے جب لاہور کے تھانہ وحدت کالونی میں ایک خاتون ملزمہ صابراں بی بی کے خلاف منشیات فروشی کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔پولیس نے اس وقت کارروائی کرتے ہوئے صابراں بی بی سے 20 گرام اعلیٰ معیار کی کوکین برآمد کی تھی۔
 گرفتاری کے بعد دورانِ تفتیش ملزمہ صابراں بی بی نے پولیس کے سامنے اعترافی بیان دیا تھا کہ اس نے یہ مہنگی منشیات کراچی کی رہائشی 'انمول عرف پنکی' سے حاصل کی تھی اور وہ اسے لاہور میں سپلائی کرنے آئی تھی۔اس پرانے ریکارڈ کے سامنے آنے کے بعد پولیس حکام کا کہنا ہے کہ انمول عرف پنکی کوئی عام ڈیلر نہیں بلکہ گزشتہ دو دہائیوں سے منشیات فروشی کے اس دھندے میں سرگرم ہے اور اس کے روابط بین الصوبائی نیٹ ورکس سے ہیں۔ پولیس اب اس زاویے پر بھی تفتیش کر رہی ہے کہ اس نیٹ ورک میں مزید کون کون سے بڑے نام شامل ہیں اور کراچی سے لاہور منشیات اسمگلنگ کے لیے کون سے راستے استعمال کیے جاتے رہے ہیں۔

ٹیگز: