لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عید الفطر کی آمد کے موقع پر تاجر برادری اور عوام کے لیے بڑے ریلیف کا اعلان کر دیا۔ پنجاب بھر میں دکانوں، مارکیٹس، شاپنگ مالز، ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور فوڈ آؤٹ لیٹس کو یکم جون 2026 تک مقررہ اوقاتِ بندش سے استثنیٰ دے دیا گیا ہے۔
نمائندہ نیونیوزوقاص غوری کے مطابق تاجر برادری اور مختلف تاجر تنظیموں کی جانب سے طویل عرصے سے یہ مطالبہ کیا جا رہا تھا کہ عید کے سیزن میں خریداروں کے رش اور کاروباری سرگرمیوں کے پیشِ نظر اوقاتِ کار میں نرمی کی جائے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے عید کی آمد کے حوالے سے عوام اور تاجروں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو گرمی سے بچنے اور رات گئے تک سکون سے عید کی خریداری کرنے کی سہولت فراہم کرنا ہے، جبکہ تاجر برادری بھی عید کے اس اہم سیزن میں بغیر کسی سفری یا وقتی رکاوٹ کے اپنا کاروبار کر سکے گی۔
یکم جون تک جاری رہنے والے اس استثنیٰ کے بعد اب صوبے بھر کے تمام تجارتی مراکز رات گئے تک کھلے رہ سکیں گے۔