شیخ رشید کا حکومتی اتحادیوں سے متعلق بڑا دعویٰ سامنے آگیا

Sheikh Rasheed,PDM,PTI,PMLQ


اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نےکہا پارلیمان کا مشترکہ اجلاس بدھ کو طلب کر لیا گیا ہے،اجلا س سے قبل اتحادیوں کیساتھ معاملات حل کیے جا چکے ہیں ،تمام اتحادی حکومت کیساتھ کھڑے ہیں ۔

شیخ رشید نے اتحادیوں سے متعلق بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت تمام اتحادی حکومت کیساتھ ہیں آج صبح سے ہی وزیراعظم ہاؤس میں کافی کام ہوا ہے،،وزیر اعظم نے تمام اتحادیوں کے سوالوں کے جواب  خوددئیے ہیں ،امید ہے اتحادیوں سے تمام معاملات بہتر طریقے سے طے پاجائینگے ،شیخ رشید نے اپوزیشن کو مفت مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ سوا تین سال گزر چکے ہیں صبرکریں 4 سال بعد ویسے ہی الیکشن مہم شروع ہو جاتی ہے ۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا پارلیمان کا اجلاس 17 نومبرکو طلب کر لیا گیا ہے جس میں 8 سے 10 بل پیش کئے جائینگے ،جہاں اتحادیوں کیساتھ مل کر تمام معاملات حل کر لیے جائینگے ،شیخ رشید نے بڑا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم اور ق لیگ حکومت کیساتھ ہیں ۔

شیخ رشید کا کہنا تھا میں نے کبھی پولیس والی سیاست نہیں کی ،اسلام آباد پولیس کو پاکستان کی مثالی پولیس بنائینگے کیونکہ اس پر ذمہ داریاں زیادہ ہیں،اسلا م آباد پولیس کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کیلئے اسلام آباد کی  فرانزک لیبارٹری پر دسمبر سےپہلے کام شروع ہو جائے گا،اسلام آبادپولیس کٹھن حالات میں فرائض انجام دے رہی ہے ،انہوں نے کہا سیاستدانوں کو اپناکام اور اداروں کو اپنا کام کرنا چاہیے ۔

شیخ رشید نے کہا کہ اتنا احتجاج لندن کے ہائیڈ پارک میں نہیں ہوتا جتنا ڈی چوک میں ہوتا ہے، صوبوں کا مسئلہ ہو تو وہ بھی ڈی چوک پہنچ جاتے ہیں، پی ڈی ایم والے آئیں گے تو احسن طریقے سے معاملے کو دیکھا جائے گا، پی ڈی ایم قانون کو ہاتھ میں نہیں لے گی تو ہماری طرف سے بھی کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی۔