اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وانا کا دورہ کیا جہاں انہوں نے قبائلی عمائدین سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کو سرحد پار سے دہشتگردی کا سامنا ہے، تاہم کسی کو بھی ملک کا امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ملاقات میں قبائلی عمائدین نے بچوں کو محفوظ رکھنے کے اقدامات پر متعلقہ عسکری قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
بعد ازاں محسن نقوی کیڈٹ کالج وانا بھی گئے اور دہشتگرد حملہ ناکام بنانے والے پاک فوج کے افسروں اور جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن سانحہ اے پی ایس دہرانا چاہتا تھا، مگر جوانوں نے بہادری اور ذمہ داری کے ساتھ حملہ ناکام بنایا۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ دہشتگرد “درندے” ہیں، جن کا نہ کوئی مذہب ہے اور نہ انسانیت سے کوئی تعلق۔