اسلام آباد: حکومتِ پاکستان نے 5 جی اسپیکٹرم نیلامی کے لیے نئی ٹائم لائن کا اعلان کیا ہے۔ پہلے یہ نیلامی دسمبر 2025 میں ہونے والی تھی، تاہم اب اسے جنوری تا مارچ 2026 کے دوران منعقد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
فریکوئنسی الاٹمنٹ بورڈ کے مطابق، 5 جی کے لیے 606 میگا ہرٹز اسپیکٹرم چھ مختلف بینڈز میں دستیاب ہوگا، جن میں 700، 1800، 2100، 2300، 2600، اور 3500 میگا ہرٹز شامل ہیں۔
یہ پیش رفت اُس وقت سامنے آئی جب امریکی مشاورتی کمپنی نیرا (NERA) نے اپنی تفصیلی رپورٹ سپیکٹرم ایڈوائزری کمیٹی کے سامنے پیش کی۔ رپورٹ میں مارکیٹ کی تیاری، قیمتوں کا تجزیہ، نیلامی حکمتِ عملی اور لائسنسنگ ڈھانچے کے حوالے سے اہم سفارشات شامل ہیں۔
ایڈوائزری کمیٹی اپنی حتمی سفارشات اقتصادی رابطہ کمیٹی اور وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کرے گی۔ اس کے بعد وزارتِ آئی ٹی و ٹیلی کام نیلامی کے حوالے سے باقاعدہ پالیسی گائیڈ لائنز جاری کرے گی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ 5 جی ٹیکنالوجی کے آغاز سے پاکستان میں ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ، بہتر کنیکٹیویٹی اور ڈیجیٹل معاشی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔