ضمنی الیکشن میں تمام جماعتوں کیلئے یکساں مواقع موجود تھے، وزیراعظم عمران خان

ضمنی الیکشن میں تمام جماعتوں کیلئے یکساں مواقع موجود تھے، وزیراعظم عمران خان
کیپشن: فوٹو فائل

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو قومی سطح کے اہم امور پر پارٹی مؤقف بہتر انداز میں پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ پارٹی کا بیانیہ ہرگز کمزور نہیں ہونا چاہیے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف کی کارکردگی سمیت دیگر امور پر غور کیا گیا۔اجلاس میں وزیر اعظم نے قومی سطح کے اہم امور پر پارٹی مؤقف بہتر انداز میں پیش کرنے کی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن سے متعلق حکومت کے حالیہ اقدامات کو میڈیا میں نمایاں انداز میں پیش کیا جائے۔

وزیر اعظم نے اس بات پر بھی اظہار برہمی کیا کہ میڈیا پر  پارٹی کا بیانیہ کمزور کیوں ہے؟ مثبت اقدامات کررہے ہیں پارٹی بیانیہ کمزور نہیں ہونا چاہیے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس موقع پر وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ ضمنی الیکشن میں بعض نشستوں پر شکست کی وجہ اندرونی اختلافات ہیں، جس کے باعث وزراء نے ضمنی الیکشن کی انتخابی مہم میں بھرپور حصہ نہیں لیا، اس کے علاوہ ضمنی الیکشن سے قبل ترقیاتی کام بھی نہیں کرائے گئے جس کے اثرات الیکشن پر پڑے۔

وزیر اعظم عمران خان نے مزید کہا کہ ضمنی الیکشن میں تمام جماعتوں کیلئے یکساں مواقع موجود تھے، حکومت نے ضمنی الیکشن پر اثر انداز ہونے کیلئے کسی سطح پر کوئی مداخلت نہیں کی۔