ایم کیو ایم کے سابق رکن اسمبلی پیپلز پارٹی میں شامل ہو گئے

ایم کیو ایم کے سابق رکن اسمبلی پیپلز پارٹی میں شامل ہو گئے
کیپشن: پیپلز پارٹی میں مزید سابق ایم این ایز اور ایم پی ایز شامل ہو رہے ہیں، سعید غنی۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سابق رکن قومی اسمبلی علی راشد پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) میں شامل ہوگئے۔پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو اور صوبائی وزیر سعید غنی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ علی راشد پڑھے لکھے منتخب نمائندے رہے ہیں اور یہ ایم کیو ایم پاکستان کے ان لوگوں میں شامل ہیں جن پر کوئی الزام نہیں۔

صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ یہ آخری شمولیت نہیں ہے اور 18 اکتوبر سے پہلے مزید شمولیت ہوگی۔

پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا کہ ہم نے پہلے ہی بتایا تھا کہ ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے۔ پیپلز پارٹی میں مزید سابق ایم این ایز اور ایم پی ایز شامل ہو رہے ہیں۔

سعید غنی نے کہا کہ نیب نے آصف علی زرداری کے وارنٹ جاری کیے ہیں۔ نیب کو بتانا چاہتا ہوں کہ آصف علی زرداری نہ پہلے کبھی گھبرائے نہ اب گھبرائیں گے۔چیئرمین نیب نے ہماری بات کو درست کیا کہ یہ گٹھ جوڑ ہے۔

گزشتہ روز پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے 16 اکتوبر کو جی ٹی روڈ پر پی ڈی ایم کے جلسے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پہلے جلسے کے اعلان کے ساتھ ہی حکومت کی سانس چڑھ گئی ہے اور ٹانگیں کانپنے لگی ہیں۔ انہوں ںے کہا کہ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کوئی مقدمہ درج نہیں ہوا تھا لیکن ہمارے کارکنان کے خلاف ایس او پیز کے مقدمات درج کیے جا رہے ہیں۔

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکریٹری جنرل احسن اقبال اور پنجاب کے سابق وزیر قانون رانا ثنا اللہ نے کہا کہ حکومت جبر کے ساتھ ہمارا جلسہ روکنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کارکنان کے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے پلیٹ فارم سے ن لیگ کی میزبانی میں جلسہ 16 اکتوبر یعنی کل گوجرانوالا میں ہوگا جس کے لیے جناح اسٹیڈیم کا انتخاب کیا گیا ہے۔