پشاور: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی پشاور پہنچ گئے ہیں جہاں وہ آج شام 4 بجے نومنتخب وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی سے ان کے عہدے کا حلف لیں گے۔ حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس پشاور میں منعقد ہوگی۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے پشاور پہنچنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئینی طور پر اپنے فرائض ادا کرنے کے لیے پشاور آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا، "کبھی بھی حلف لینے سے انکار نہیں کیا، آئین کے مطابق تمام معاملات چلانا میری ذمہ داری ہے اور سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد پشاور آنا ضروری تھا۔"
فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ ان کا آئینی فرض انہیں حلف لینے پر مجبور کرتا ہے، تاہم بلاول بھٹو سے ہونے والی باتوں کے بارے میں تفصیلات فراہم نہیں کی جا سکتیں۔
یاد رہے کہ پشاور ہائیکورٹ نے گورنر فیصل کریم کنڈی کو حکم دیا تھا کہ وہ آج شام 4 بجے تک سہیل آفریدی سے حلف لیں، اور اگر وہ دستیاب نہ ہوں تو صوبائی اسمبلی کے سپیکر یہ عمل مکمل کریں۔ حلف برداری کی تقریب کے حوالے سے گورنر ہاؤس پشاور میں تیاریاں جاری ہیں۔