Get Alerts

بھارتی فوجی قیادت نے من گھڑت اور اشتعال انگیز پراپیگنڈہ کرنا شروع کر دیا ہے، آئی ایس پی آر

بھارتی فوجی قیادت نے من گھڑت اور اشتعال انگیز پراپیگنڈہ کرنا شروع کر دیا ہے، آئی ایس پی آر

راولپنڈی:  پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بھارتی فوجی قیادت کے حالیہ متنازع اور اشتعال انگیز بیانات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا بھارت کو سرحد پار دہشت گردی کا حقیقی چہرہ اور جنوبی ایشیا میں عدم استحکام کا مرکز تسلیم کر رہی ہے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ معرکۂ حق کو گزرے ہوئے پانچ ماہ ہو چکے ہیں، مگر بھارت انتخابی مہم کے دوران اپنی روایتی، من گھڑت اور اشتعال انگیز پروپیگنڈہ مہم دوبارہ دہرا رہا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہر ریاستی انتخاب سے قبل بھارتی عسکری قیادت ایسے بیانات دیتی ہے تاکہ سیاسی فوائد حاصل کیے جا سکیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ایک ایٹمی ریاست کی عسکری قیادت کا سیاسی دباؤ میں آ کر غیر ذمہ دارانہ بیانات دینا نہایت افسوسناک ہے، جس سے نہ صرف بھارتی عوام بلکہ بین الاقوامی برادری میں بھی بھارتی فوجی مشینری مذاق بن کر رہ گئی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بھارت معرکۂ حق میں اپنی شکست تسلیم کرنے سے قاصر ہے اور تاریخ کو اپنی مرضی سے توڑ مروڑ کر پیش کر رہا ہے، فلمی مناظر تیار کر کے حقائق چھپانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

آئی ایس پی آر کے ترجمان نے خبردار کیا ہے کہ بھارت کی جارحانہ ذہنیت خطے کے امن کے لیے شدید خطرہ بن چکی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور پوری قوم ملکی خودمختاری اور سالمیت کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں، اور کسی بھی قسم کی جارحیت کا جواب فوری، فیصلہ کن اور تاریخی نوعیت کا ہوگا۔

ترجمان نے کہا کہ بھارت کی مہم جوئی اور تسلط پسندانہ پالیسیاں نہ صرف اس کے اپنے عوام بلکہ ہمسایہ ممالک کے لیے بھی نقصان دہ ہیں، اور عالمی برادری اب اس حقیقت کو سمجھنے لگی ہے۔

ٹیگز: