اسلام آباد: مذہبی جماعت کے حالیہ پرتشدد احتجاج کے منتظمین کی نشاندہی کے بعد، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشتعل عناصر کی فہرست تیار کر لی ہے اور ان کے خلاف کارروائی کے لیے تمام تر تیاری مکمل کر لی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مکمل ڈیٹا فراہم کر دیا گیا ہے، جس میں ملک بھر میں موجود نیٹ ورک اور کمانڈ پوائنٹس کی نشاندہی کی گئی ہے۔ جیو فینسنگ اور کال ڈیٹا ریکارڈ سے احتجاج میں مرکزی کردار ادا کرنے والوں کی شناخت ہو چکی ہے، جب کہ فنانسرز اور سہولت کاروں کو علیحدہ کر لیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ وارنٹس تیار کر لیے گئے ہیں اور کسی بھی وقت کریک ڈاؤن متوقع ہے۔ بڑے شہروں میں چھاپوں کی منصوبہ بندی بھی مکمل کر لی گئی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق، احتجاج میں املاک کو جلانے والوں کی ویڈیوز اور چہرے شناخت ہو چکے ہیں، اور فیشل ریکگنیشن کے ذریعے تمام مشتبہ افراد کے کردار بے نقاب ہو چکے ہیں۔ مزید یہ کہ مشتبہ فنڈنگ کی چھان بین جاری ہے، اور بینکاری ریکارڈ کو محفوظ کر لیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ خصوصی ٹیمیں بھی متحرک ہیں۔
پولیس کے مطابق، امن خراب کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جائے گا اور قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔