کیلیفورنیا:کیلیفورنیا یونیورسٹی کی نئی تحقیق میں خبردار کیا گیا ہے کہ سوشل میڈیا کا زیادہ استعمال بچوں کی تعلیمی کارکردگی اور ذہنی صلاحیتوں کو متاثر کر رہا ہے۔ تحقیق کے مطابق 13 سال سے کم عمر بچے جو روزانہ ایک گھنٹہ یا اس سے زیادہ وقت سوشل میڈیا پر گزارتے ہیں، وہ مطالعے، یادداشت اور الفاظ کے ذخیرے سے متعلق ٹیسٹوں میں کمزور کارکردگی دکھاتے ہیں۔
9 سے 13 سال کی عمر کے 6 ہزار سے زائد بچوں پر کی گئی اس تحقیق میں واضح ہوا کہ سوشل میڈیا کے استعمال اور دماغی افعال میں کمی کے درمیان براہِ راست تعلق ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ صرف ایک گھنٹے کے استعمال سے بھی تعلیمی اسکور میں 4 سے 5 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی، جو وقت کے ساتھ بچوں کی سیکھنے اور سوچنے کی صلاحیت کو متاثر کر سکتی ہے۔
تحقیق معروف میڈیکل جرنل JAMA میں شائع ہوئی ہے، جس میں والدین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ بچوں کے سوشل میڈیا استعمال کو محدود کریں تاکہ ذہنی نشوونما اور تعلیمی ترقی متاثر نہ ہو۔