اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس کل طلب کر لیا ہے جس میں ملک کی سیاسی و معاشی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس میں افغان طالبان، فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کی جاری اشتعال انگیزیوں پر بھی تفصیلی بات چیت متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق، وزیراعظم اپنے حالیہ دورہ مصر اور غزہ امن سربراہی اجلاس میں پاکستان کے کردار سے کابینہ کو آگاہ کریں گے۔ غزہ امن کانفرنس میں پاکستان کی مؤثر شرکت کو اجلاس میں نمایاں طور پر اجاگر کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ، قانون سازی سے متعلق کابینہ کمیٹی کے فیصلے بھی منظوری کے لیے پیش کیے جائیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری آج ایوانِ صدر میں ملاقات کریں گے۔ اس ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، آزاد جموں و کشمیر کی صورتحال اور پیپلز پارٹی کے تحفظات و مطالبات پر تبادلہ خیال ہوگا۔