سوشل میڈیا پر شیخ رشید کی والدہ سے متعلق خبر جھوٹی نکلی

سوشل میڈیا پر شیخ رشید کی والدہ سے متعلق خبر جھوٹی نکلی
کیپشن: فوٹو: فائل

لاہور: جھوٹی خبریں سوشل میڈیا پر جنگل کی آگ کی طرح سے پھیلتی ہیں اور لوگ بغیر تصدیق کیے نہ صرف انہیں آگے بڑھاتے ہیں بلکہ ان پر اعتبار بھی کرتے ہیں۔پاکستانی سیاست اور سیاسی رہنماوں کے حوالے سے بھی جعلی خبریں اکثر و بیشتر میڈیا کی زینت بنتی رہتی ہیں۔

ایسی ہی ایک خبر حال ہی میں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کے حوالے سے بھی سوشل میڈیا پر گردش کرتی رہی، جس کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کے دورِ حکومت میں جب شیخ رشید جیل میں تھے تو انہیں اپنی والدہ کے جنازے میں شرکت کی اجازت نہیں دی گئی۔

لیکن پھر سوشل میڈیا پر ہی شیخ رشید صاحب کا ایک انٹرویو بھی دھڑا دھڑ شیئر ہوا، جس میں انہوں نے اپنی والدہ کے ساتھ ان کے انتقال سے قبل گزارے گئے آخری لمحات شیئر کیے۔شیخ رشید نے بتایا کہ ان کی والدہ پمز اسپتال میں تھیں، جب نواز شریف نے ہیلی کاپٹر بھیجا اور وہ (جیل سے) ان سے ملنے گئے تو انہوں نے کہا کہ 'پیسوں کی کوئی فکر نہیں کرنا' اور یہ کہہ کر وہ ان کی جھولی میں گر گئیں، جس پر ڈاکٹروں نے بتایا کہ 'یہ بس آپ کا یہ انتظار کر رہی تھیں، انہوں نے جو بھی کچھ کہا ہے، وہ آپ ہی سے کہا ہے'۔

سربراہ عوامی مسلم نے انٹرویو میں مزید کہا کہ پھر وہ اپنی والدہ کو ایمبولینس میں ڈال کر یہاں لے آئے۔ اور یوں شیخ رشید کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرتی خبر جھوٹ کا پلندہ ثابت ہوئی۔