Get Alerts

اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں 16 سے 19 ستمبر تک تیز ہواؤں اور بارش کا امکان

اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں 16 سے 19 ستمبر تک تیز ہواؤں اور بارش کا امکان

اسلام آباد :  محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 15 ستمبر کی شام سے 19 ستمبر تک بالائی خیبرپختونخوا، خطہ پوٹھوہار، کشمیر، گلگت بلتستان، اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

اسلام آباد اور گرد و نواح میں بھی 16 سے 19 ستمبر تک تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، اٹک، چکوال، اور سیالکوٹ سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی بارش کا امکان ہے۔ بلوچستان کے جنوبی علاقوں میں جزوی ابر آلودگی اور سندھ کے ساحلی علاقوں میں بوندا باندی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

خیبرپختونخوا کے چترال، دیر، سوات، بٹگرام، کوہستان، پشاور، مانسہرہ، اور دیگر علاقوں میں بھی بارش اور تیز ہواؤں کی توقع ہے۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی 19 ستمبر تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے عوام کو متنبہ کیا ہے کہ موسمی حالات میں تبدیلی کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں، خاص طور پر نشیبی اور سیاحتی علاقوں میں سیلابی صورتحال سے بچاؤ کے اقدامات کیے جائیں۔

ٹیگز: