دوحہ: امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے خبردار کیا ہے کہ گریٹر اسرائیل کا ایجنڈا نہ صرف مشرق وسطیٰ بلکہ عالمی امن کے لیے بھی شدید خطرہ بن چکا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ فلسطین کا منصفانہ حل اب ناگزیر ہو چکا ہے۔
دوحہ میں منعقدہ عرب اسلامی ہنگامی سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امیر قطر نے کہا کہ فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی اور نسل کشی نے تمام حدیں پار کر دی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ "اسرائیل نے انسانیت کے خلاف جرائم کی انتہا کر دی ہے، اور اب اس کی جارحیت قطر تک پہنچ چکی ہے۔"
انہوں نے انکشاف کیا کہ دوحہ پر حالیہ اسرائیلی حملہ نہ صرف ایک بڑی جارحیت تھی بلکہ قطر کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت پر بھی سنگین حملہ ہے۔ امیر قطر نے واضح کیا کہ ان کا ملک خطے میں ثالث کا کردار ادا کرتے ہوئے امن قائم کرنے کی مخلصانہ کوششیں کرتا رہا، لیکن اسرائیل نے نہ صرف مذاکراتی عمل کو سبوتاژ کیا بلکہ حماس کی قیادت کو نشانہ بنا کر امن کو مزید خطرے میں ڈال دیا۔
انہوں نے اسلامی دنیا کے رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرتے ہوئے فلسطینیوں کے حق میں ٹھوس مؤقف اپنائیں اور اسرائیلی جارحیت کا بھرپور جواب دیں۔
عرب اسلامی ہنگامی سربراہ اجلاس میں امیر قطر کے ساتھ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف، ترک صدر رجب طیب اردوان، اردن کے شاہ عبداللہ دوم، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، مصر اور تاجکستان کے صدور بھی شریک ہوئے۔