Get Alerts

غزہ میں انسانیت سسک رہی ہے، اسرائیل کو جنگی جرائم پر جوابدہ ٹھہرایا جائے:وزیراعظم شہباز شریف کا اجلاس سے خطاب

غزہ میں انسانیت سسک رہی ہے، اسرائیل کو جنگی جرائم پر جوابدہ ٹھہرایا جائے:وزیراعظم شہباز شریف کا اجلاس سے خطاب

دوحہ: وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے حالیہ ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسرائیلی جارحیت اور قطر پر حملے کے تناظر میں عالمی برادری سے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ "ہم ایک اہم اور افسوسناک واقعے کے پس منظر میں یہاں جمع ہوئے ہیں۔ اسرائیل نے ہمارے برادر ملک قطر کی خودمختاری اور سلامتی کی کھلی خلاف ورزی کی ہے، جو ناقابل قبول ہے۔"

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان، قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور اسرائیل کے اس حملے کو اُس کی جاری جارحانہ پالیسیوں کا تسلسل قرار دیتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "اسرائیل نے جارحیت کے ذریعے خطے میں امن کی ہر کوشش کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ اب سوال یہ ہے کہ اسرائیل نے اگر مذاکرات کے لیے سنجیدہ کوشش کرنی تھی تو پھر یہ حملے کیوں؟"

انہوں نے اسرائیل کی جانب سے عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ "غزہ میں انسانیت سسک رہی ہے، بے گناہ شہری جان سے جا رہے ہیں اور یہ سب دنیا کے سامنے ہو رہا ہے۔"

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ اسرائیل کو انسانیت کے خلاف جنگی جرائم پر کٹہرے میں لایا جائے، اور اس کی اقوام متحدہ میں رکنیت معطل کرنے کی تجویز کی مکمل حمایت کی جائے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ غزہ میں محصور شہریوں کو فوری اور ہنگامی بنیادوں پر انسانی امداد فراہم کی جائے تاکہ معصوم جانوں کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔

ٹیگز: