اسلام آباد: وفاقی وزیر مصدق ملک نے کہا ہے کہ عام آدمی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے شدید متاثر ہو رہا ہے، حکومت کو عوام کو درپیش مشکلات کا مکمل احساس ہے اور عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
اپنے بیان میں مصدق ملک نے کہا کہ امریکا اور ایران جنگ کے باعث عالمی سطح پر پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ وزیراعظم اسکیم کے تحت عوام کو پٹرول پر 100 روپے فی لٹر ریلیف دیا گیا ہے، جبکہ رکشہ، موٹر سائیکل اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے بھی سبسڈی فراہم کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دیہاڑی دار طبقے کو 100 روپے فی لٹر ریلیف سے کچھ سہولت ملے گی، وزیراعظم شہباز شریف نے ریلیف کی فراہمی میں سب سے پہلے غریب طبقے کو ترجیح دی ہے۔ وزیراعظم کو عوامی مشکلات کا مکمل ادراک ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ملکی معیشت جس حد تک یہ بوجھ اٹھا سکتی تھی، حکومت نے اٹھایا ہے، اس سے زیادہ بوجھ ملکی معیشت برداشت نہیں کرسکتی۔
مصدق ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان جنگ رکوانے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہا ہے، سیاسی اور عسکری قیادت خطے میں امن کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔ آج پاکستان کو دنیا میں امن کے ضامن کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنگ کے شعلے تھمنے سے دنیا کے غریب عوام پر بوجھ کم ہوگا۔ اس وقت پٹرول پر 80 روپے لیوی اور 5 روپے کاربن ٹیکس ہے، تاہم عوام کو پٹرول پر لیوی ٹیکس سے زیادہ 100 روپے فی لٹر کا ریلیف دیا گیا ہے۔