Get Alerts

 پٹرول پر 100 روپے سے زائد لیوی وصول کرنا بڑا المیہ، وفاق موجودہ حالات میں عوام پر مزید مہنگائی کا بوجھ نہ ڈالے: شرجیل میمن

 پٹرول پر 100 روپے سے زائد لیوی وصول کرنا بڑا المیہ، وفاق موجودہ حالات میں عوام پر مزید مہنگائی کا بوجھ نہ ڈالے: شرجیل میمن

کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے وفاقی حکومت سے پٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرول پر 100 روپے سے زائد لیوی وصول کرنا بڑا المیہ ہے، وفاق موجودہ حالات میں عوام پر مزید مہنگائی کا بوجھ نہ ڈالے۔

 سندھ اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی مہنگائی کسی ایک طبقے کا نہیں بلکہ ہر پاکستانی کا مسئلہ ہے۔ پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات پورے معاشرے پر پڑ رہے ہیں، جس کے باعث ٹرانسپورٹ، زراعت اور روزمرہ استعمال کی اشیا بھی مہنگی ہو رہی ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات انتہائی سنگین ہیں۔ کسان کو ڈیزل مہنگا ملے گا تو اس کی لاگتِ پیداوار میں اضافہ ہوگا، جبکہ زرعی اجناس کی نقل و حمل مہنگی ہونے کا بوجھ بھی بالآخر عوام کو برداشت کرنا پڑے گا۔

 شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے طوفان میں تنخواہ دار طبقہ پس کر رہ گیا ہے اور موٹر سائیکل استعمال کرنے والے عام شہری بھی پٹرول کی مہنگائی سے براہِ راست متاثر ہو رہے ہیں۔ وزیراعظم نے موٹر سائیکل سواروں کے لیے ریلیف کا اعلان کیا ہے، تاہم عوام کو مزید ریلیف دینے کی ضرورت ہے۔

 سینئر وزیر نے کہا کہ خلیج کی موجودہ صورتحال اور عالمی حالات پٹرولیم قیمتوں میں اضافے کی وجوہات ہیں، تاہم وفاقی حکومت کو اپنی ناکامیوں کا بوجھ عوام پر ڈالنے سے گریز کرنا چاہیے۔

 انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ہوش کے ناخن لے اور پٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی ختم کرے۔ حکومت کی جانب سے عوامی مسئلے کی مخالفت کرنا بہت بڑی زیادتی ہوگی۔

 شرجیل انعام میمن نے ایم کیو ایم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 2008 میں ایم کیو ایم ہماری اتحادی تھی اور اس وقت ایک روپیہ قیمت بڑھنے پر حکومت چھوڑ دی گئی تھی.

 انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت عوام کو مزید مہنگائی سے بچانے کے لیے فوری اقدامات کرے اور پٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی ختم کرکے عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرے۔

ٹیگز: