سردی نے پنجے گاڑھ لئے،بلوچستان کے تعلیمی اداروں میں اڑھائی ماہ کی چھٹیوں کا آغاز

سردی نے پنجے گاڑھ لئے،بلوچستان کے تعلیمی اداروں میں اڑھائی ماہ کی چھٹیوں کا آغاز
کیپشن: تصویر بشکریہ ٹوئٹر

کوئٹہ:ملک بھر میں سردی نے اپنے پنجے گاڑھ لئے ہیں اور بلوچستان میں سرد علاقوں کے تعلیمی اداروں میں آج سے اڑھائی ماہ کی چھٹیوں کا آغاز ہوگیاہے۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس کے مطابق کوئٹہ سمیت بلوچستان کے 17 اضلاع کے سکولوں اور کالجوں میں موسم سرما کی اڑھائی ماہ کی تعطیلات کا آغاز آج سے ہورہا ہے۔

صوبے کے سرد علاقوں کے سکول اور کالج اب آئندہ سال یکم مارچ کو کھلیں گے جبکہ بلوچستان کے 15 اضلاع کے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات 2 دسمبر سے 31 دسمبر تک ہونگی۔ان گرم علاقوں میں تعلیمی ادارے یکم جنوری کو دوبارہ کھل جائیں گے ۔پنجاب سمیت ملک کے بیشتر حصو ں میں سردی کی شدید لہر برقرار ہے جبکہ بالائی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گرگیا ہے۔


محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بالائی علاقے کالام اور سکردو میں سب سے کم درجہ حرارت منفی 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔کراچی میں ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں اور کم سے کم درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔