شاعر مشرق علامہ اقبال سے منسوب تاریخی اشیا کا میوزیم بنانے کا فیصلہ

 شاعر مشرق علامہ اقبال سے منسوب تاریخی اشیا کا میوزیم بنانے کا فیصلہ
سورس: file

لاہور: نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے شاعر مشرق علامہ اقبال  سے منسوب تاریخی اشیا کا میوزیم بنانے کا فیصلہ کر لیا۔ بادشاہی مسجد کے بیرونی احاطے میں علامہ اقبال سے منسوب میوزیم قائم کیا جائے گا۔

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کے مطابق مزار اقبال کے قریب میوزیم میں شاعر مشرق سے منسوب اشیا رکھی جائیں گی۔مختلف مقامات پر موجودعلامہ اقبال کے زیر استعمال رہنے والی اشیا ایک ہی جگہ ڈسپلے کی جائیں گی۔


 محسن نقوی نے شاعرمشرق کے میوزیم کے قیام کیلئے فوری اقدامات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ شاعر مشرق سے منسوب میوزیم اقبال شناسی کا ذوق رکھنے والو ں کے لئے نعمت غیر مترقبہ ہے۔ 

نگران وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ نئی نسل میں اقبال فہمی کا شعور پیدا کرنا وقت کی ضرورت ہے۔


وزیراعلیٰ محسن نقوی نےمزار اقبال کے بیرونی احاطے میں بہترین ٹائلیں لگانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئےمزار اقبال کے لئے اعلیٰ ترین ریڈ سینڈ سٹون اورسپر وائٹ ماربل مہیا کرنے کا حکم دے دیا۔ بادشاہی مسجد کے حجروں کواصل حالت میں بحال کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نبیل جاوید نے میوزیم اور مزار اقبال کی اپ گریڈیشن کے بارے میں بریفنگ دی ۔  بریفنگ میں کہا گیا کہ مزار علامہ اقبال کی دائیں جانب بک شاپ میں شاعر مشرق کی تمام کتابیں موجود ہوں گی ساتھ ہی ساتھ سوونیئر اورکرافٹ شاپس بھی قائم کی جائیں گی۔

 نبیل جاوید نے بریفنگ میں بتایا کہ علامہ اقبال کے مزار کے اندرونی ماربل کی واشنگ اورپالش کی جائے گی،  چھت کی خصوصی طورپر واٹر پروفنگ کی جائے گی۔  مزید براں، کینٹین اورشوریک وغیر ہ بھی مناسب جگہ پر منتقل کیے جائیں گے۔


نیئر علی دادا،منیب اقبال،اقبال صلاح الدین،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو،ڈی جی والڈ سٹی اتھارٹی،سیکرٹری اوقاف،اقبال اکیڈمی کے سربراہ اوردیگر متعلقہ حکام نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کے ہمراہ تھے۔

مصنف کے بارے میں