اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی

اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی

شارجہ: اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز شارجہ کے میدان میں آمنے سامنے ہوئے۔ مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے احمد شہزاد 26 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ دوسرے اوپنر اسد شفیق نے 45 رنز کی اننگز کھیلی۔ کیون پیٹرسن کی خراب کارکردگی کا سلسلہ جاری رہا اور وہ صفر پر آؤٹ ہوئے۔ تشارا پریرا نے 27 رنز بنائے۔ محمود اللہ 29 کے سکور پر ناقابل شکست رہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 6 وکٹوں پر 148 رنز بنائے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے فاسٹ باؤلر محمد سمیع اور آل راؤنڈر شین واٹسن نے دو دو شکار کئے۔ جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے ڈیوائن اسمتھ اور مصباح الحق دس دس رنز بنا کر میدان بدر ہوئے جبکہ میتھیو ہیڈن کی اننگز کا خاتمہ 6 رنز پر ہوا۔

شین واٹسن نے 27 گیندوں پر 36 رنز کا اضافہ کیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے ہدف آخری اوور میں 5 وکٹوں پر عبور کر لیا۔ مین آف دی میچ سیم بلنگز قرار پائے جنہوں نے آؤٹ ہوئے بغیر 78 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیفٹ آرم سپنر محمد نواز نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں