پیرس : حال ہی میں فرانسیسی پولیس نے ایک سرخ فیراری فورٹوفینو کو تیز رفتاری سے چلانے والے ایک شخص کو روکا، اور یہ جان کر حیران رہ گئی کہ ڈرائیور نہ صرف بےگھر تھا بلکہ وہ سرکاری امداد پر گزارا کر رہا تھا۔ یہ واقعہ فرانس کے علاقے ووکلیز میں پیش آیا، جہاں پولیس نے 250 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلتی ہوئی اس اسپورٹس کار کو روکا۔
ڈرائیور نے تفتیش کے دوران پولیس کو بتایا کہ وہ بےروزگار ہے، اس کے پاس نہ کوئی اثاثے ہیں اور نہ ہی کوئی ذریعہ آمدنی، جبکہ وہ افسران کے سامنے بظاہر عمدہ لباس میں ملبوس تھا۔ پولیس نے جب گاڑی کے بارے میں مزید تفتیش کی تو معلوم ہوا کہ یہ فیراری کار رئیل سٹیٹ کمپنی کے نام پر رجسٹرڈ ہے، جس میں اس کی والدہ اور دو بہن بھائی بھی شامل ہیں۔
پولیس کی تحقیقات سے یہ انکشاف ہوا کہ یہ شخص اور اس کا خاندان ایک پیچیدہ منصوبے کے تحت سرکاری ویلفیئر امداد حاصل کر رہے تھے اور اس طرح سے ٹیکس سے بچنے کی کوشش کر رہے تھے۔ انہوں نے اپنے رئیل سٹیٹ کاروبار کی آمدنی کو چھپایا تھا اور حکومتی فنڈز کی مدد سے اپنی پُرتعیش زندگی گزار رہے تھے۔
پولیس نے مزید تحقیقات کے بعد یہ پایا کہ دھوکہ دہی کے ذریعے کم از کم 1.8 ملین یورو کی سماجی امداد غبن کی گئی اور 1.6 ملین یورو کی آمدنی بھی چھپائی گئی۔ اس واقعے کے بعد پولیس نے اس شخص اور اس کے خاندان کے دیگر افراد کو گرفتار کر لیا اور ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔