اسلام آباد: بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی بینائی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پمز اور الشفاء انٹرنیشنل کے ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل ایک ٹیم نے اڈیالہ جیل میں عمران خان کا معائنہ کیا۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ان کی بینائی میں واضح بہتری آئی ہے اور جاری علاج پر بھی مکمل اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
طبی ماہرین نے جیل میں تقریباً ڈیڑھ گھنٹہ تک بریفنگ دی، جس میں اپوزیشن رہنماؤں اور عمران خان کے ذاتی معالجین کو ان کی صحت کی تفصیلات فراہم کی گئیں۔ اس دوران ڈاکٹروں نے عمران خان کی آنکھوں کا تفصیلی معائنہ کیا اور مختلف طبی آلات کے ذریعے ان کی حالت کا جائزہ لیا۔
سپرنٹنڈنٹ جیل کے مطابق، جیل میں سخت سکیورٹی انتظامات کے تحت طبی بورڈ کی نگرانی میں عمران خان کا معائنہ کیا گیا۔ یہ معائنہ تقریباً ایک گھنٹہ تک جاری رہا، اور طبی ٹیم نے رپورٹ حکومت کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، مختلف ہسپتالوں سے ماہر ڈاکٹروں کی پانچ رکنی ٹیم اڈیالہ جیل پہنچی تھی، جس میں ڈاکٹر رفاق، ڈاکٹر سکندر، ڈاکٹر عارف اور دیگر ماہرین شامل تھے۔ طبی سامان اور آلات کے ساتھ یہ ٹیم عمران خان کا معائنہ کرنے آئی تھی۔