اسد عمر اور شاہ محمود کی پارٹی ارکان کو شکایات دور کرنیکی یقین دہانی

اسد عمر اور شاہ محمود کی پارٹی ارکان کو شکایات دور کرنیکی یقین دہانی
کیپشن: یہی حالات رہے تو جنوبی پنجاب میں آئندہ انتخابات میں مشکل کا سامنا کرنا پڑے گا، پارٹی ارکان۔۔۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب

اسلام آباد: حکمراں جماعت تحریک انصاف کے پارلیمانی اجلاس میں ارکان اسمبلی پھٹ پڑے اور وزرا کے ساتھ رابطے کے فقدان کا شکوہ کیا۔ ارکان نے کہا یہی حالات رہے تو آئندہ جنوبی پنجاب میں الیکشن کے دوران مشکل ہو گی۔ اسد عمر اور شاہ محمود نے شکایات دور کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔

ذرائع کے مطابق ارکان اسمبلی نے مؤقف اختیار کیا کہ جب سے حکومت میں آئے ہیں پارٹی سطح پر رابطے ختم کر دیئے گئے، وزرا ملاقات کا وقت نہیں دیتے، یہی حالات رہے تو جنوبی پنجاب میں آئندہ انتخابات میں مشکل کا سامنا کرنا پڑے گا۔

چیف وہپ عامر ڈوگر نے شکوہ کیا کہ وزرا کی سنجیدگی یہ ہے کہ اجلاس میں شرکت تک نہیں کی۔ اجلاس میں تجویز دی گئی کہ وزرا اپنے چیمبرز اور دفاتر میں ارکان سے مسلسل رابطہ یقینی بنائیں۔

فیصل آباد ڈویژن کے پی ٹی آئی ارکان نے گلہ کیا کہ کاشتکاروں سے گنا سرکاری ریٹ پر نہیں خریدا جا رہا۔ شاہ محمود قریشی نے تسلی دی کہ چین کو گندم، گنے، چاول، پھل اور سبزیوں کی برآمد کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔