جہانگیر ترین سینیٹر رحمن ملک کے گھر پہنچ گئے، ہمشیرہ کی وفات پر تعزیت کی

جہانگیر ترین سینیٹر رحمن ملک کے گھر پہنچ گئے، ہمشیرہ کی وفات پر تعزیت کی
کیپشن: جہانگیر ترین سینیٹر رحمن ملک کے گھر پہنچ گئے، ہمشیرہ کی وفات پر تعزیت کی
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین سینیٹر رحمان ملک کے گھر پہنچ گئے اور انکی ہمشیرہ کی وفات پر اظہار تعزیت کیا ۔ بتایا گیا ہے کہ ہفتہ کے روز تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین اچانک رحمان ملک کے گھر پہنچے تو سینیٹر نے ان کا استقبال کیا۔

دونوں رہنماﺅں نے ایک دوسرے کی خیریت دریافت کی اور جہانگیر ترین نے سینیٹر رحمان ملک کی ہمشیرہ کی وفات پر تعزیت کی اور درجات بلندی کیلئے دعا بھی کی۔

ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین ایک گھنٹے سے زائد وقت کے لئے سینیٹر رحمان ملک کے گھر پر رہے۔ دونوں رہنماﺅں کے درمیان ملکی سیاسی صورت حال اور مسائل کے حل کیلئے بات چیت کی گئی۔ 

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے چیئرمین سینٹ داخلہ کمیٹی سینیٹر رحمان ملک کی بڑی ہمشیرہ سیالکوٹ میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئیں تھیں۔ سینیٹر رحمان ملک اور خالد ملک کی ہمشیرہ کو اُنکے آبائی قبرستان ساہووالہ سیالکوٹ میں سپردِ خاک کیا گیا تھا ، چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی ، چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری ، ایئر چیف مارشل مجاہد انور اور یوسف رضا گیلانی ،راجہ پرویز اشرف،رضا ربانی نے سینیٹر رحمان ملک کو فون کیا اور انکی ہمشیرہ کے انتقال پر اظہار افسوس و تعزیت کی تھی۔