اسلام آباد:محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور برفباری کا نیا سلسلہ متوقع ہے۔ اسلام آباد میں موسم سرد اور جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
بالائی علاقوں میں چترال، مالم جبہ، سوات، دیر، کالام اور بٹگرام میں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ ایبٹ آباد، کوہستان، مالاکنڈ اور مانسہرہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کا امکان ہے، اور اسکردو، ہنزہ، نگر، غذر، استور، دیامر، شگر اور گانچھے میں برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 16 جنوری سے 23 جنوری تک ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان رہے گا۔ آئندہ چند دنوں میں آزاد کشمیر، مظفرآباد، نیلم ویلی، باغ، پونچھ اور راولا کوٹ میں بھی بارش اور برفباری متوقع ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ 20 جنوری سے بیشتر علاقوں میں بارش اور برفباری کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے، جبکہ 21 جنوری سے ملک کے بیشتر حصے ایک طاقتور موسمی نظام کی لپیٹ میں آ سکتے ہیں۔